اسلام آباد: دفترخارجہ نے کلبھوشن یادیو کے ’را‘ کے جاسوس ہونے سے متعلق خبر شائع کرنے والے بھارتی صحافی چندن نندے کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خبر شائع ہونے کے فوری بعد ہی بھارتی خفیہ ایجنسی را میں کھلبلی مچ گئی اور اس نے پہلے خبر ہٹوائی اور بعد میں صحافی چندن کو ہی غائب کردیا۔ چندن نندے گزشتہ رات سے غائب ہیں اور تاحال ان کا اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی اخبار سے کلبھوشن یادو کی خبر ہٹنے اور صحافی چندن نندے کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اخبار نے دباؤ میں آکر خبرکو ہٹادیا ہے اور خبرلگانے والے صحافی کا اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی اخبار نے کلبھوشن یادیو کے جاسوس ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ کیا یہی بھارت میں آزادی اظہار رائے ہے؟۔ چندن نندے کو آخری بار دہلی کی خان مارکیٹ میں دیکھا گیا۔








