counter easy hit

بھارتی ناظم الامور گورو آہلووالہ یوم سیاہ کے موقع پر دفتر خارجہ طلب، شدید احتجاج کیا گیا

اسلام آباد(ایس ایم حسنین)27 اکتوبر 1947 کے مقبوضہ کشمیر پربھارت کے جبری تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر دفتر خارجہ میں بھارتی ناظم الامور گورو آہلووالہ کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔ بھارتی ناظم الامور سے مطالبہ کیا گیا کہ ہندوستانی حکومت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کا حق فراہم کرے جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک آزادانہ اور غیرجانبدارانہ استصواب رائے پر زور دیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت سے مزید مطالبہ کیا گیا کہ وہ 5 اگست 2019ءکے اپنی غیرقانونی اور یکطرفہ کارروائیوں کو فوری منسوخ، مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ ختم کرے اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لئے غیر قانونی اقدامات کو واپس لے۔ بھارت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ وہ جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشنوں میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کو بند کرے اور غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری نوجوانوں اور سیاسی قیادت کو فوری رہا کرے۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ انسانی صورتحال کا درست جائزہ لینے کے لئے بھارت کو مقبوضہ وادی میں میں میڈیا، انٹرنیٹ اور موبائل مواصلات پر عائد تمام پابندیوں کو فوری ختم کرنے اور آزاد مبصرین، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر تک بلاروک ٹوک رسائی کی اجازت دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ ہندوستان کے غیر قانونی اقدامات مقبوضہ علاقے کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرسکتے اور نہ ہی یہ کشمیریوں کے اقوام متحدہ کے متعلقہ قراردادوں میں شامل حق خودارادیت کے جائز حق کو غصب کر سکتے ہیں جس کے لئے انہیں پاکستان کی بھر پور حمایت حاصل ہے

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website