counter easy hit

ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ چند روز کیلئے مؤخر کیا جائے، نوازشریف کی درخواست

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ چند روز کے لیے مؤخر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے کیس کا فیصلہ عدالت میں کھڑے ہوکر سننا چاہتا ہوں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ’کسی بھی قانونی طریقہ کار سے انحراف نہیں کیا، جولائی 2017 سے لے کر اب تک یکطرفہ فیصلوں کا سامنا کیا اور ساری دنیا میرے خلاف بنائے ہوئے مقدمات کی نوعیت سے واقف ہے۔‘

انہوں نے ایون فیلڈ ریفرنس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ چند روز کے لیے مؤخر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’اپنے کیس کا فیصلہ اسی کمرہ عدالت میں کھڑے ہو کر سننا چاہتا ہوں جہاں میں نے اپنی بیٹی مریم نواز کے ساتھ 100 سے زائد پیشیاں بھگتی ہیں، ہماری عدالتوں میں غیر ضروری طور پر کئی کئی ماہ کیسز کے فیصلے محفوظ رکھنے کی روایت موجود ہے لیکن میں مہینوں کی نہیں صرف چند روز کی بات کر رہا ہوں۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف دائر ایون فیلڈ ریفرنس میں دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جو 6 جولائی کو سنایا جائے گا۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے اپنے دلائل مکمل کیے جس کے بعد جج محمد بشیر نے فیصلہ محفوظ کیا۔ احتساب عدالت نے فیصلے کے وقت نواز شریف اور مریم نواز سمیت تمام ملزمان کو عدالت میں حاضر ہونے کی بھی ہدایت کی ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’میں کوئی فوجی ڈکٹیٹر نہیں جو ڈر کر بھاگ جاؤں، عوام کا نمائندہ ہوں بھاگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور کسی بھی بزدلی کا مظاہرہ کرکے اپنی قوم کو مایوس نہیں کروں گا، جیسے ہی اہلیہ کی طبیعت بہتر ہوگی فوری طور پر ملک واپس جاؤں گا جبکہ امید ہے کہ کچھ روز میں بیگم کلثوم نواز خطرے سے باہر آجائیں گی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ میں نے جس مشن کا جھنڈا اٹھایا ہوا ہے وہ آسان مشن نہیں، لیکن میں عوام کے حق حکمرانی اور ان کے ووٹ کی عزت کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہوں، ’ووٹ کو عزت دو‘ کے مشن میں قوم کے ساتھ اور قوم میرے ساتھ کھڑی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’عوام 25 جولائی کو سب فیصلوں سے بڑا فیصلہ سنانے جارہے ہیں، قوم کا فیصلہ قوم کی تقدیر بدل ڈالے گا اور اس فیصلے کی گونج ابھی سے سنائی دے رہی ہے، فتح عوام کا مقدر ہوچکی ہے اور ’جیپوں‘ والے سمیت عوام کا راستہ روکنے والے تمام افراد عبرت کا نمونہ بننے والے ہیں۔‘

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website