counter easy hit

منشیات سمگلنگ کیس

لاہور: منشیات سمگلنگ کیس میں ملوث غیرملکی ملزمہ کو سیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔ گزشتہ روز عدالت میں دو پرائیویٹ، چار کسٹم اہلکار وں اور ملزمہ کے ساتھی ملزم کو مکان کرایہ پر دینے والے شہری کے بیانات قلمبند کئے گئے، عدالت نے مزید سماعت آج 3 اگست تک ملتوی کردی ہے۔ ملزمہ ٹریزا ہلسکووا کو ایڈیشنل سیشن جج شاہد بشیرچوہدری کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمہ ٹریزا ہلسکووا کو کسٹم اہلکاروں نے لاہور ائیر پورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ پراسیکیوشن کے مطابق ملزمہ کے سامان سے ساڑھے 8 کلو ہیروئن برآمد ہوئی، ملزمہ چیک ری پبلک کی شہری ہے ،ملزمہ نے موقف اختیار کررکھا ہے کہ وہ ماڈلنگ کے لئے پاکستان آئی وہ نہیں جانتی ،اس کے سامان میں منشیات کس نے چھپائی مقدمے کا ٹرائل جاری ہے ،عدالتی کارروائی شروع ہوئی توکسٹم کے تفتیشی افسر محمد علی، انسپکٹر کسٹم ریاض شاہ، انسپکٹر پرویز کلیم، انسپکٹر دین محمد اور کانسٹیبل ناہید جبکہ دو پرائیویٹ گواہان چودھری اسحاق اور عثمان بھی شہادت قلمبند کرانے پیش ہوئے ،پراسیکیوشن کے گواہ چودھری اسحاق نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ ٹریزا ہلسکووا کے ساتھ ملزم شعیب حفیظ نے اس سے مکان کرایہ پر حاصل کیا ،ملزمہ کے وکیل سردار اصغر محمود ڈوگر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کرایہ نامہ کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، گواہ کا معاملے سے کوئی تعلق نہیں، عدالت نے سماعت 3 اگست تک ملتوی کردی ہے۔