counter easy hit

منشیات فروشوں اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو توڑ دیں گے، سربراہ پاک فوج

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ منشیات کے سوداگروں کو اپنی آنے والی نسلوں کو تباہ نہیں کرنے دیں گے جب کہ منشیات فروشوں اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو توڑ دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ہیڈکوارٹر ز کا دورہ کیا جہاں انہیں ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل خاور حنیف نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں کیے جانے والے آپریشنز اور دیگر متعلقہ معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی جب کہ اس دوران آرمی چیف کو عالمی اور علاقائی سطح پر ہونے والی منشیات کی اسمگلنگ اور اس کی پاکستانی معاشرے پر اثرات کے بارے میں بتایا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اے این ایف حکام نے ادارے کی حکمت عملی اور کوششوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جب کہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات کی ترسیل اور اس کی پیداوار میں ملوث افراد قومی سلامتی کے لیے اتنے ہی خطرناک ہیں جتنے کہ دہشت گرد ہیں، منشیات کی تجارت سے حاصل ہونے والی رقم کو دہشت گردی کے فروغ کے لیے بھی استعمال کیا جارہا ہے اس لیے منشیات کے تاجروں سے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹنا چاہیئے۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ہم منشیات فروشوں، مالی معاونت کكاروں اور دہشت گردی پھیلانے والوں کے گٹھ جوڑ کو توڑ دیں گے، منیشات کے سوداگروں کو آنے والی نسلوں کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ آرمی چیف نے 2014 اور 2015 میں ریکارڈ مقدار میں منشیات کی برآمدگی پر اے این ایف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی اور عالمی سطح پر منشیات کی لعنت کے خاتمے کے اقدامات کو تقویت ملی جب کہ جنرل راحیل شریف نے پاكستان کی پوست سے پاک ملک کے طور پر حیثیت کو قائم رکھنے میں کامیابی پر بھی اے این ایف کی کارکردگی کو بھی سراہا۔