counter easy hit

شعبۂ اردو ، پٹنہ یونیورسٹی میں یوم سر سید تقریبات کا انعقاد

Sir Syed Day

Sir Syed Day

پٹنہ : شعبۂ اردو، پٹنہ یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالرز کی تنظیم ”بزم تحقیق” کے زیر اہتمام معروف دانشور اور ماہر تعلیم سر سید احمد خاں کے یوم پیدائش 17 اکتوبر کے موقعے پر ہفت روزہ سلسلۂ تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ اطلاع شعبۂ اردو کے استاد اور تنظیم کے سرپرست ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی نے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سر سید نے تعلیمی، ادبی، سماجی اور تہذیبی سطح پر اس ملک اور بالخصوص مسلمانوں کی تاریخ پر گہرے اور انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ ضرورت ہے کہ نئی نسل کو ان کے کارناموں سے واقف کرایا جائے اور سر سید کے تعلیمی مشن سے انہیں جوڑا جائے۔ اسی لئے ہر سال کی طرح شعبۂ اردو میں امسال بھی یوم سر سید کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مگر امسال اس تقریب کو ‘سر سید کوئز’، ‘سر سید مباحثہ’،’سر سید مقابلۂ مضمون نویسی’ اور ‘سر سید سمینار’ کے مختلف رنگارنگ پروگراموں کے ذریعہ دلچسپ اور پرکشش بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح ہو کہ سر سید تقریبات کے سلسلہ میں آج شعبۂ اردو ، پٹنہ یونیورسٹی میں ”بزم تحقیق ” کی ایک اہم میٹنگ ہوئی۔ جس میں باہمی رضامندی سے طے پایا کہ مؤرخہ 8 اکتوبر کو مقابلۂ مضمون نویسی، 10 اکتوبر کو سر سید مباحثہ، 14 اکتوبر کو سر سید کوئز، 15 اکتوبر کو سر سید سمینارجیسے پروگرامس ہوں گے جبکہ 17 اکتوبر کو اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔

یہ تمام پروگرام سمینار ہال ، شعبۂ اردو، پٹنہ یونیورسٹی میں ہوں گے اور شہر کے مختلف اساتذہ اور دانشور تقریب کی زینت بنیں گے۔ یہ بھی طے پایا کہ ان مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو سرٹیفکٹ اوارڈ سے نوازا جائے گا۔ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی کی سرپرستی میں منعقدہ اس میٹنگ میں ڈاکٹر زرنگار یاسمین، ڈاکٹر مسرت جہاں، محمد منہاج الدین، عندلیب عمر، افشاں بانو، کامران غنی صبا، محمد اسلم، فرح ناز، نعمت شمع، کونین فرحت اور شفقت نوری کے علاوہ ایم اے سال اول و دوم کے طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔