counter easy hit

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پولیس یونیفارم تبدیل کرنے کی منظوری دے دی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پولیس یونیفارم تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت سی پی او آفس میں اجلاس ہوا جس میں انسپکٹر جنرل پولیس نے امن و امان کی صورتحال اور پولیس اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پولیس میں جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال وقت کا تقاضا ہے، نئے ٹریننگ سینٹرز پر کام کا آغاز اگلے مالی سال سے ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پولیس یونیفارم تبدیل کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال سے پولیس کی یونیفارم تبدیل ہو جائے گی، نئی یونیفارم میں پتلون ڈارک بلیو اور قمیض لائٹ بلیو ہو گی، نئی وردی سے پولیس کا بہتر امیج اجاگر ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس کے افسر اور اہلکار اپنی دلیر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں جب کہ پولیس نظام میں اصلاحات لا کر اسے عوامی پولیس بنائیں گے۔ واضح رہے کہ 2 سال قبل بھی پنجاب پولیس کا یونیفارم تبدیل کیا گیا تھا، پنجاب پولیس کی کالی وردی ختم کر کے نئی خاکی وردی جاری کی گئی تھی۔