counter easy hit

برطانیہ کی مسلم کمیونٹی بڑی پریشانی میں مبتلا

مانچسٹر: بابرکت ماہ رمضان کی آمد آمد ہے، برطانیہ میں مسلم کمیونٹی رمضان کریم کے استقبال کی تیاریاں کررہی ہے۔ تاہم ایک ہی شہر کی مختلف مساجد بلاامتیاز، مسلک و مشرب سحری، افطاری کے اوقات میں بہت بڑے فرق کی وجہ سے پریشان ہیں۔ سحری کے اوقات میں ایک گھنٹے سے بھی زائد فرق ہے، چیتھم ہل نارتھ مانچسٹر، جامع مسجد عبیدالرحمن ٹرسٹ، چیتھم ہل یوکے اسلامک مشن سائوتھ مانچسٹر، مکی مسجد اہل حدیث، شاہجہان مسجد، مدینہ مسجد میں اوقات سحر و افطار میں فرق کی وجہ سے روزہ داروں کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں اگرچہ چند مساجد جن میں مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک، اسلامک سینٹر قادریہ جیلانیہ کےاوقات مشترکہ 2:26، جب کہ محقق برطانیہ علامہ ظفر محمود مجددی جامعہ کریمیہ کی سحری کا وقت 2 بجے اختتام پذیر ہوجاتا ہے جب کہ مسلم ہیریٹج سینٹر میں تین بجکر 24 منٹ پر سحری ختم ہوتی ہے۔ اس سلسلہ میں سیدنا امیر حمزہ ویلفیئر سوسائٹی نے تشویش ظاہر کی ہے، صدر استاد محمد صفدر، علامہ خورشید قصوری نے تمام علمائے کرام آئمہ مساجد اور مسجد کمیٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے سحر و افطار کے اوقات پر از سر نو غور کریں اور ایک ہی شہر میں 70 مساجد پاکستانیوں اور مسلمان خاندانوں کو افطار و سحر کے فرق میں نہ الجھائیں اور رمضان کے مبارک مہینے میں کمیونٹی کو منتشر ہونے سے بچائیں، خیال رہے کہ پانچ وقت نمازوں کے اوقات آبزرویٹری سے لے کر طے کیے جاتے ہیں جب کہ سحر و افطار کے اوقات بھی اسی طرح طے کیے جانے چاہیے۔