counter easy hit

کیویز کے دیس روانگی سے قبل قومی کھلاڑیوں کی فٹنس جانچی جائیگی

لاہور: کیویز کے دیس روانگی سے قبل فٹنس جانچی جائیگی جب کہ مقامی عملہ ہی ٹیسٹ کے نتائج مرتب کرے گا۔

Before the departure of Kiwies country national players fitness will be knowرواں سال چیمپئنز ٹرافی سے قبل قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے تھے، تیاریوں کیلیے قبل ازوقت انگلینڈ میں ڈیرے ڈالنے والے اسکواڈ کے تربیتی کیمپ میں عمر اکمل فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے اور انہیں وطن واپس بھجوا دیا گیا۔ گرین شرٹس میگاایونٹ میں ٹرافی اٹھائے وطن واپس آئے، بعد ازاں اس تنازع نے طول پکڑا اور نوجوان بیٹسمین نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر جانبداری برتنے کے سنگین الزامات عائد کیے،دوسری جانب فٹنس ٹیسٹ لینے والے این سی اے اسٹاف کی اہلیت پر بھی سوالیہ نشان لگائے گئے، اب پھر اسی طرح کی صورتحال نظر آرہی ہے۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ میں ان کے معاون گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن اور فٹنس ٹرینرز گرانٹ لیوڈن رخصت پر ہیں، غیر ملکی اسٹاف کو براہ راست نیوزی لینڈ میں اسکواڈ کو جوائن کرنا ہے،بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا فائنل 12دسمبر کو کھیلا جائے گا،ایونٹ میں شریک بیشتر قومی کرکٹرز وطن واپسی کے چند روز بعد ٹی 10 لیگ کھیلنے شارجہ چلے جائیں گے۔

دورئہ نیوزی لینڈ کیلیے حتمی اسکواڈ میں جگہ پانے والے کھلاڑیوں کو 21یا22دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بلاکر فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے،غیر ملکی اسٹاف کی غیرموجودگی میں پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم اور بولنگ کوچ اظہر محمود معاون اسٹاف کے ہمراہ فٹنس جانچنے کے مراحل مکمل کرلیں گے،اس صورتحال میں عمر اکمل جیسا کوئی کیس سامنے آنے کا خدشہ موجود رہے گا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کا اسکواڈ منتخب کرنے کے حوالے سے قومی سلیکشن کمیٹی کی مشاورت مکمل ہوچکی،کھلاڑیوں کی فہرست ہیڈکوچ مکی آرتھر کو بھجوا دی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی میں فارم بحال ہونے کے باوجود احمد شہزاد کو ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے جب کہ سری لنکا سے سیریز کے دوران ناکامی کے بعد ان کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے والے اوپنر امام الحق نے ڈیبیو میچ میں ہی سنچری جڑ کر اپنی جگہ پکی کرلی تھی، فخرزمان کے ساتھ تیسرے اوپنر اظہر علی کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی کا امکان روشن ہے۔

سینئر بیٹسمین انجری سے نجات کے بعد قائد اعظم ٹرافی میں تھری فیگر اننگز کھیل کر میچ فٹنس کا بھی ثبوت دے چکے ہیں، عماد وسیم کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے،دوسری صورت میں ان کا خلا پُر کرنے کیلیے بلال آصف مضبوط امیدوار ہیں، فٹنس مسائل کی وجہ سے سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز میں آرام کرنے والے محمد عامر انجری کے سبب کئی ماہ کیلیے کرکٹ سے دور ہونے والے عثمان شنواری کا خلا پُر کردینگے۔

ون ڈے اسکواڈ اظہرعلی، فخرزمان،امام الحق،بابر اعظم،محمد حفیظ، شعیب ملک،حارث سہیل، سرفراز احمد (کپتان)، فہیم اشرف،عماد وسیم، شاداب خان،حسن علی، محمد عامر، جنید خان اور رومان رئیس پر مشتمل ہونے کا قوی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق احمد شہزاد کو ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں برقرار رکھا جاسکتا ہے، ایک اور مضبوط امیدوار سمجھے جانے والے صہیب مقصود کی شمولیت پر ہیڈ کوچ کو تحفظات ہیں، سری لنکا کیخلاف مختصر فارمیٹ کی سیریز کا صرف لاہور میں میچ کھیلنے والے محمد عامر کی موجودگی میں دورئہ نیوزی لینڈ کیلیے 15رکنی اسکواڈ عثمان شنواری کے بغیر بھی مکمل ہے، باقاعدہ اعلان 4 سے 5 روز میں کیے جانے امکان ہے۔