counter easy hit

بزم غزل کی طرف سے شاندار آڈیو مشاعرہ کا انعقاد

Mushaira

Mushaira

پٹنہ (پریس ریلیز) بزم غزل کی جانب سے واٹس ایپ پر پہلی بار شاندار بین الاقوامی آڈیو مشاعرہ کا انعقام کیا گیا۔مشاعرہ کی صدارت پروفیسر اسرائیل رضا سابق صدر شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض معروف نوجوان شاعر ایم آر چشتی اور کامران غنی صبا نے بحسن خوبی انجام دئیے۔

دیر رات تک چلنے والے اس مشاعرہ میں پروفیسر عبدالمنان طرزی، پروفیسر اسرائیل رضا،احمد اشفاق، مصداق اعظمی، مرغوب اثر فاطمی، ایم آر چشتی، کامران غنی صبا، ڈاکٹر منصور خوشتر، نور جمشیدپوری، نیاز نذر فاطمی، چونچ گیاوی،منصور قاسمی، نصر بلخی، اصغر شمیم،عامر نظر، یوسف جمیل،مظہر وسطوی، ایم رضا مفتی اور انعام عازمی نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی،حبیب مرشد خاں، احمد عثمانی، انجمن اختر،شمیم قاسمی، محمد احمد عثمانی، نوشاد منظر سمیت کثیر تعدا د میں سامعین اس مشاعرہ میں شریک تھے۔

مشاعرہ میں پیش کئے گئے کلام کا منتخب حصہ پیش خدمت ہے:
پروفیسر اسرائیل رضا
قدر اب گھٹ گئی شرافت کی
کیا زمانہ غریب ہے صاحب
پروفیسر عبد المنان طرزی
سلام تجھ کو وطن تیرے دل فگاروں کا
سلام لے لے وطن اپنے سوگواروں کا
احمد اشفاق
جو آئینہ خانہ مری حیرت کا سبب ہے
ممکن ہے مرے بعد مری دید کو ترسے
مصداق اعظمی
ہمیں بھی خضر علیہ السلام کی ہے تلاش
ذرا سا عیب ہماری بھی نائو چاہتی ہے
مرغوب اثر فاطمی
کھیتوں کے بیچ پھول کے بستر کے آس پاس
موسم تو آکے بیٹھ مرے گھر کے آس پاس
ایم آر چشتی
میں تجھے بھولنا چاہوں تو بھلا بھی نہ سکوں
تیری یادوں سے ہی آباد یہ تنہائی ہے
ڈاکٹر منصور خوشتر
جو تم پر نظم لکھی تھی نشانی چھوڑ جائیں گے
محبت کی یہ دولت جاودانی چھوڑ جائیں گے
نور جمشید پوری
خواب ، نیندیں اور تخئیل سب تو تیرے نام ہیں
اب بچا ہی پاس کیا ہے اب عنایت کیا کروں
کامران غنی صبا
خوں جلے گا مرا چراغوں میں
آج مقتل میں روشنی ہوگی
نصر بلخی
تم نے ایک کشکمش میں ڈالا ہے
صاف کہہ دو کے ہم سے پیار نہیں
اصغر شمیم
پھول وہ سارے اٹھا کر لے گئے
راستوں کے خار میں چنتا رہا
چونچ گیاوی
یہ ایک ساس نے لڑتے ہوئے بہو سے کہا
خدا کرے کہ تجھے کینسر چبا جائے
منصور قاسمی
قبر پہ رات گئے آ کے مرے قاتل نے
ہچکیاں لے کے کئی دیپ جلایا ہوگا
نیاز نذر فاطمی
یاد کر کر کے سایۂ گیسو
کوئی کتنا فریب کھائے گا
ایم رضا مفتی
تلاشتے ہیں جسے لوگ میری آنکھوں میں
کہاں وہ چاند چھپا ہے خدا ہی جانتا ہے
انعام عازمی
خوابوں کی ہے بات نرالی
جو چاہو ویسا ہوتا ہے
یوسف جمیل
ہر غم چھپا کے صرف زمانے کے واسطے
مشکل تھا پھر بھی ہنسنا ہنسانا پڑا مجھے

(احمد اشفاق، ڈاکٹر منصور خوشتر، ایم آر چشتی، کامران غنی صبا)