counter easy hit

بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوچکا ، لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ

Nasir Khan Janjua

Nasir Khan Janjua

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقد ہ بلوچستان اسپورٹس فیسٹول 8 روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

اختتامی تقریب سے خطاب میں کمانڈر سدرن کمان لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ بلو چستان میں امن کا سورج طلوع ہوچکا ہے۔ محکمہ کھیل و ثقافت بلوچستان کے زیراہتمام اسپورٹس فیسٹول کی اختتامی تقریب ایوب اسٹیڈیم کے فٹبال گراؤنڈ میں ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی تھے۔

تقریب میں کمانڈر سدرن کمان لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، عمائدین شہر، اعلی سول و فوجی حکام ، کھلاڑیوں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب میں کمانڈر سدرن کمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اداروں کی کارروائی اورجوانوں کی کوششوں سے امن قائم ہوا۔

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے فیسٹول کے کامیاب انعقاد پر صوبائی حکومت، پاک فوج اور دیگر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ان کا کہنا تھا کہ اسپورٹس فیسٹول نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ نوجوان کسی سے پیچھے نہیں۔

22 مارچ سے شروع ہونےوالے اسپورٹس فیسٹول میں 25 سےزائد کھیلوں کے مقابلے ہوئے ، جن میں 2 ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔اس موقع پر پاک فوج کی جانب سے فلائی پاسٹ جبکہ مختلف تعلیمی اداروں کی جانب سے بینڈ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔