counter easy hit

اصغرخان کیس،حکومت کو آج شام تک کی مہلت

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اصغر خان کیس پر کابینہ کا اجلاس نہ بلانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو آج شام تک کی مہلت دے دی۔

Asghar Khan case, the government's retirement till today eveningچیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے لاہور رجسٹری میں اصغر خان فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران ڈی جی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بشیر میمن سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور بتایا کہ اس حوالے سے انکوائری جاری ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کابینہ نے اصغر خان کیس سے متعلق اب تک کوئی فیصلہ کیوں نہیں کیا؟جس پر وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی کہ کابینہ کا اجلاس بلانے کے لیے مہلت دی جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ اتنا سنجیدہ مسئلہ ہے اور حکومت کو کوئی فکرنہیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے اصغر خان کیس سے متعلق آج شام تک کابینہ کا اجلاس بلاکر فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آج ہی اس فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو اصغرخان کیس سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے آج تک فیصلے کے بعد کوئی ایکشن نہیں لیا، صرف ایف آئی اے نے تحقیقات کی لیکن ایک جگہ پر یہ تحقیقات بھی رک گئیں۔

ساتھ ہی چیف جسٹس نے اصغر خان کیس عملدرآمد کا معاملہ حکومت پر چھوڑتے ہوئے حکم دیا تھا کہ وفاقی حکومت اور ایف آئی اے اصغر خان کیس کے فیصلے کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کریں۔