لاہور: کالا باغ ڈیم کی جلد تعمیر کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے اور درخواست میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا ہے۔

درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ کالا باغ نہ بننے کی وجہ سے 35 ایکڑ ملین فٹ سے زائد پانی اور 70 ارب سے زائد رقم کا سالانہ نقصان ہو رہا ہے۔ درخواست میں یہ بھی نکتہ اٹھایا گیا کہ کالا باغ ڈیم منصوبہ کو مکمل کرنے سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔ درخواست میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سیاسی بنیادوں پر تعطل کا شکار ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے ملک میں خوشحالی آئے گی اس لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرکے اس کی جلد تعمیر کو یقینی بنایا جائے اور حکومت کو اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے۔








