نیویارک سٹی: ہالی ووڈ کے آنجہانی اداکار پال نیومین کے زیر استعمال ایک گھڑی ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے زائد میں نیلام ہوئی ہے جس کی قدر پاکستانی کرنسی میں ایک ارب 84 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔

معروف گھڑی ساز کمپنی رولیکس کی اس گھڑی کو کوسموگراف ڈیٹونا کہا جاتا ہے اور پال نیومین نے اسے 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’کلر آف منی‘‘ میں استعمال کیا تھا۔ اسی مناسبت سے اس ماڈل کی گھڑی کو پال نیو مین کی یادگار سمجھاجاتا ہے۔ نیلام گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیلامی سے قبل سمجھا جا رہا تھا کہ گھڑی زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ ڈالر میں فروخت ہو گی لیکن گھڑی ان کے اندازے سے کئی گنا زیادہ رقم میں نیلام ہوئی۔ واضح رہے کہ پال نیومین ہالی وڈ کی تاریخ کے ایک لازوال اداکار تھے جنہوں نے پانچ دہائیوں پر محیط اپنی فنی زندگی میں 60 فلموں میں کام کیا اور ان کا 2008 میں 83 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔








