counter easy hit

وزیراعظم عمران خان کے روٹ میں رکاوٹ ڈالنے والی بھینسوں کے مالک کو اڑھائی لاکھ روپے جُرمانہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے روٹ میں رکاوٹ ڈالنے والی بھینسوں کے مالک کو اڑھائی لاکھ روپے جُرمانہ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) کے شعبہ انوائرمنٹ نے وزیراعظم عمران خان کے روٹ میں خلل ڈالنے والی بھینسوں کے مالک کو اڑھائی لاکھ روپے کا جُرمانہ عائد کر دیا ہے۔ گذشتہ روز انوائرمنٹ ریجنل میں تعینات فاریسٹر نے بنی گالہ اور نالہ کورنگ کے ساتھ وزیراعظم کے روٹ پر واقعہ سڑک بھینسوں کی آمد و رفت کے باعث بند ہونے کا سختی سے نوٹس لیا۔ اور موقع پر موجود پندرہ بھینسوں کو تحویل میں لے کر راول ڈیم سے ملحقہ مویشی پھاٹک میں بند کر دیا۔ فاریسٹر نے فاریسٹ رولز کی خلاف ورزی، ایم سی آئی کی جانب سے لگائے گئے پودوں کو نقصان پہنچانے کی پاداش میں بھینسوں کے مالک کو 2 لاکھ 60 ہزار روپے کا خطیر جُرمانہ عائد کیا۔ ڈائریکٹر ریجنل کی جانب سے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ بنی گالہ، مل پور میں واقع غیرقانونی باڑوں کو نوٹسز جاری کریں اور مری روڈ پر پھرنے والے لاوارث جانوروں کو فوری طور پر تحویل میں لینے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے روٹ میں خلل ڈالنے پر بھینسوں کے مالک کو عائد جُرمانے کی خبر سامنے آئی تو سوشل میڈیا صارفین نے ملے جُلے ردعمل کا اظہار کیا جن میں سے زیادہ تر تعداد تنقیدی تبصروں کی تھی۔ صارفین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سادگی اور قناعت کی کی باتیں کیا کرتے تھے، تو کیا ہوا اگر بھینسوں کی وجہ سے انہیں معمولی انتظار کرنا پڑا، کیا پاکستان کی سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ اب جانوروں کا بھی چالان لازمی قرار دے دیا گیا ہے، چھوٹی سی غلطی پر ایسے میں بھینسوں کے بے چارے مالک پر اڑھائی لاکھ روپے جُرمانے کا بوجھ ڈالنا قابل مذمت ہے۔ ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہئیے تھا۔