counter easy hit

ایم آر آئی مشین میں پھنس کر نوجوان ہلاک

ممبئی: بھارت کے اسپتال میں ’ایم آر آئی‘ مشین میں پھنس کر نوجوان جان کی بازی ہارگیا جب کہ غفلت برتنے پر ڈاکٹر اور وارڈ بوائے کو حراست میں لے لیا گیا۔

Young man died caught in MRI machineبھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں نائر اسپتال میں راجیش مارو نامی نوجوان اپنے رشتہ دار سے ملنے آیا جو وہاں ’ایم آر آئی‘ کروانے کے سلسلے میں پہلے سے موجود تھا، کچھ دیر بعد وارڈ بوائے کے کہنے پر نوجوان آکسیجن سلنڈر کے ہمراہ ایم آر آئی روم میں داخل ہوا تو مشین نے نوجوان کو اپنی طرف کھینچ لیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق نوجوان کے ’ایم آر آئی روم‘ میں داخل ہونے سے پہلے وارڈ بوائے سے کہا گیا کہ اس کمرے میں لوہے کی چیزوں کے ساتھ جانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے جس پر اس نے کہا کہ ’مشین اس وقت بند پڑی ہے لہذا آپ اندر جاسکتے ہیں اور ویسے بھی یہ ہمارا روز کا کام ہے کچھ نہیں ہوتا‘، جب کہ وہاں موجود ڈاکٹر اور ٹیکنیشن کی جانب سے بھی کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

12

اسپتال میں موجود راجیش کے رشتہ دار سولنکی کے مطابق جیسے ہی وہ کمرے میں داخل ہوا تو مشین نے پوری قوت سے اسے اپنی طرف کھینچ لیا جب کہ کچھ ہی دیر میں گیس کا سلنڈر بھی پھٹ گیا جس سے آگسیجن گیس راجیش کے پیٹ میں داخل ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کی غفلت کے باعث یہ واقعہ پیش آیا لہذا ڈاکٹر اور وارڈ بوائے کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ دوسری جانب پولیس نے اسپتال انتظامیہ کی غفلت اور راجیش کی موت کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ڈاکٹر سددھانتھ شاہ اور وارڈ  بوائے ویتھل چاوان کو حراست میں لے لیا۔ اسپتال کے سینئر ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ واقعے کے خلاف انکوائری کی جارہی ہے جس کے بعد ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔