counter easy hit

ی: خود کو وزیر مملکت شہریارآفریدی کا دوست کہنے والا شخص دراصل کون نکلا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے مشترکہ کارروائی کے دوران منشیات اسمگلر کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین برآمد کر لی۔ اے این ایف ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم قاسم پارٹیز میں کوکین سپلائی کرتا تھا جس کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ملزم قاسم خود کو وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی کا دوست بتاتا ہے جس کی وزیر مملکت کے ساتھ تصاویر بھی ہیں۔ دوسری جانب ترجمان اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے وزیر مملکت برائے داخلہ سے تعلق والی خبر کا اے این ایف سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ چند مجرمانہ ذہنیت کے لوگ ان کے ساتھ تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ انسداد منشیات مہم کے دوران کوئی تصویر بنا کر استعمال کر رہا ہے تو اس سے ان کا تعلق نہیں، یہ لوگ ان کی شہرت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان سے تعلق والا کوئی شخص خلاف قانون کام کرے تو اس کے خلاف مزید سخت کارروائی ہونی چاہیے۔