counter easy hit

ملک کی 10 بڑی وزارتیں کب اور کہاں منتقل کی جانیوالی ہیں

اسلام آباد (ویب ڈیسک )نیو سیکرٹریٹ میں وزارت مذہبی امور سمیت دس اہم وزارتوں کو 28فروری تک منتقلی کے احکامات جاری کردیے گئے۔وفاقی وزارتوں کے دفاتر نیو سیکرٹریٹ میں منتقلی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔نجی عمارتو ں سے نیو سیکرٹریٹ منتقلی سے حکومت کو تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی سالانہ بچت ہوگی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد کے سامنے نئے تعمیر ہونے والے سیکرٹریٹ میں وزارتوں کی منتقلی کے احکامات جاری کردیے ہیں ۔نیو سیکرٹریٹ میں وزارت مذہبی امور سمیت 10پرائیویٹ عمارتوں میں قائم وزارتوں کے دفاتر نیو سیکرٹریٹ میں منتقل کئے جائیں گے ۔نیو سیکرٹریٹ کی تعمیر پرویز مشرف دور میں شروع ہوئی تھی جس کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہوئی تاہم ایک عدالتی حکم امتناعی کی وجہ سے وزارتوں کی منتقلی نہ ہوسکی تاہم اب وزیراعظم عمران خان نے وزارتوں کو نیو سیکرٹریٹ میں منتقل ہونے کے احکامات جاری کردیے ہیں ۔ پرائیویٹ بلڈنگوں میں قائم وزارتوں کے دفاتر نیو سیکرٹریٹ میں منتقل ہونے سے وفاقی حکومت کو کرائے کی مد میں سالانہ ڈیڑھ ارب روپے کی بچت ہوگی ۔