counter easy hit

ہمیں تم پر اعتبار ہے

اسلام آباد: بیرون ملک مقیم 200 پاکستانی ماہرین کی عمران خان کواداروں کو بہتر بنانے کیلئے مفت خدمات کی پیشکش کردی،خدمات پیش کرنے والوں میں امریکا، برطانیہ، فرانس جرمنی، آسٹریلیا، کینیڈا، اٹلی، ترکی میں کام کرنے والے پاکستانی شامل ہیں۔ 200 سے زائد پاکستانی ماہرین نے اداروں کو بہتر بنانے میں تحریک انصاف کے چیئرمین کو مدد کی پیشکش کی ہے ،پاکستانی ماہرین شعبہ تعلیم، صحت و دیگر اداروں میں بلامعاوضہ کام کرنے کو تیار ہیں۔ اس حوالے سے تحریک انصاف نے غیرملکی پاکستانیوں کی خدمات کیلئے بورڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، کپتان کی ہدایت پر اسد عمر، عارف علوی اور سینئر رہنما حکمت عملی بنانے میں مصروف ہیں۔ پی ٹی آئی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں نام پیدا کرنے والے پاکستانی ماہرین رابطے کررہے ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی عام انتخابات میں فتح کے بعد برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی اور انہیں پیشکش کی کہ برطانیہ2کروڑ20لاکھ بچوں کو سکولوں میں بھیجنے کے لیے نئی پاکستانی حکومت کی مدد کو تیار ہے۔عمران خان سے ملاقات میں تھامس ڈریو کا کہنا تھا کہ ”ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ تعلیم سے محروم 2کروڑ 20لاکھ بچوں کو سکول بھیجنے میں تحریک انصاف کی حکومت کی مدد کرے گا۔ برطانوی حکومت نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کرنے اور مختلف شعبوں میں اس کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔“اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ”پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ برطانیہ میں پاکستانی شہری بڑی تعداد میں آباد ہیں۔“ تھامس ڈریو کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے اپنے وعدے کا اعادہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ”ہم منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ بھیجی گئی رقم بھی واپس پاکستان لائیں گے۔“