counter easy hit

شریف خاندان نے لندن فلیٹس کی جعلی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرائیں، واجد ضیا

اسلام آباد: پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نے نیب ریفرنس کی سماعت میں بیان قلمبند کرایا کہ شریف خاندان نے لندن فلیٹس کی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ سپریم کورٹ میں جمع کرائیں۔

The Sharif family should submit the fake documents of London Flats to the Supreme Court, Wajid Ziaاحتساب عدالت اسلام آباد میں ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت میں پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا پیش ہوئے۔ نیب نے اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست دائر کی جو عدالت نے منظور کرلی۔ نیب نے عدالت میں اٹارنی جنرل، برٹش ورجن آئی لینڈ اور قطری شہزادے کے خطوط جمع کروانے کی استدعا کی ہے۔ نیب کے گواہ واجد ضیا نے شریف خاندان کے خلاف گواہی دیتے ہوئے بتایا کہ 2006ء آف شور کمپنیز سے متعلق قانون سازی کا اہم سال تھا، نئی قانون سازی کے بعد بیریئر شیئرز کی ملکیت چھپانا ممکن نہیں تھا، لینڈ رجسٹری رکارڈ کے مطابق نواز شریف نے1993 سے 1996 فلیٹس خریدے،  ملزمان خود اعتراف کرتے ہیں کہ نوے کی دہائی میں فلیٹس کا قبضہ حاصل کیا، جب فلیٹس کا قبضہ حاصل کیا گیا توحسین نواز طالبعلم تھے۔

واجد ضیا نے بتایا کہ تمام ملزمان مانتے ہیں کہ فلیٹ نمبر 16 صرف نواز شریف کے زیر استعمال رہا، میاں شریف نے فلیٹ صرف اس وقت استعمال کیا جب وہ علاج کیلیے برطانیہ گئے، ملزمان نے دو ٹرسٹ ڈیڈز جمع کرائیں، جے آئی ٹی کے مطابق دونوں ٹرسٹ ڈیڈ کا صفحہ نمبر 2 اور 3 ایک جیسا تھا، ٹرسٹ ڈیڈز پر تاریخیں تبدیل کی گئی، ملزمان نے ٹرسٹ ڈیڈ پر اووررائٹنگ کرکے 2004 کو 2006 بنایا۔

واجد ضیا کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں جمع آف شور کمپنیوں نیلسن اور نیسکول کی ٹرسٹ ڈیڈ کی کاپی فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھجوائی، ریڈلے کی رپورٹ کے بعد جے آئی ٹی نے نتیجہ اخذ کیا کہ ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ہے، مریم نواز نے دو ٹرسٹ ڈیڈ جمع کرائیں جو بقول ان کے اصلی تھیں، فرانزک ٹیسٹ کے بعد جے آئی ٹی نے نتیجہ اخذ کیا کہ یہ ٹرسٹ ڈیڈ بھی جعلی ہیں، مریم،حسین نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے جعلی دستاویزات پر دستخط کرکے سپریم کورٹ میں پیش کیں، حسن نواز نے بھی ٹرسٹ ڈیڈ کی یہی کاپیاں عدالت میں پیش کیں۔