counter easy hit

وہ خاتون جس کے جسم میں 2 بطن ہیں

مانچسٹر: کسی خاتون کا جڑواں بچوں کے ساتھ حاملہ ہونا تو کوئی انوکھی بات نہیں لیکن کسی خاتون کے جسم میں دو رحم موجود ہونا اور دونوں میں حمل ٹھہر جانا یقیناً ایک ایسی حیران کن بات ہے جس پر یقین کرنا ڈاکٹروں کے لئے بھی آسان نہیں۔قدرت کا یہ حیرتناک کرشمہ برطانوی خاتون جینفر ایشووڈ کے دوہرے حمل کی صورت میں سامنے آیا ہے، جن کے جسم میں دو رحم ہیں اور دونوں میں حمل ٹھہرنے سے ان کے ہاں دو بچوں نے جنم لیا ہے۔

جینفر کو جب ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کے جسم میں ایک کی بجائے دو رحم ہیں اور وہ دونوں میں حاملہ ہوچکی ہیں تو ان کیلئے یہ بات ناقابل یقین تھی۔ جینفر ہی نہیں بلکہ ڈاکٹروں کیلئے بھی یہ انوکھی بات تھی کیونکہ دنیا کی تاریخ میں آج تک ایک ہی خاتون کے دو رحم میں بیک وقت حمل ٹھہرنے کے 100 سے زائد کیس سامنے نہیں آئے ، یعنی اس کا امکان 50 کروڑ کیسز میں ایک ہے۔

میل آن لائن کے مطابق جینفر پانچ ماہ کی حاملہ تھیں جب ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا اور انہیں یہ حیرت ناک خبر سنائی۔ان کے حمل کی مدت ساڑھے آٹھ ماہ ہونے پر ان کے ہاں دو بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ جینفر اور ان کے خاوند اینڈریو نے اپنے بیٹے کا نام پیران اور بیٹی کا نام پوپی رکھا ہے۔ ان بچوں کی پیدائش بخیرو عافیت ہوئی اور ڈاکٹروں نے ان کے تفصیلی معائنے کے بعد بتایا ہے کہ دونوں پوری طرح صحتمند ہیں۔