counter easy hit

شہید علی رضا عابدی کی خواہش تھی کہ سب ایک ہو کر چلیں ، :

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی(پی ایس پی)اور متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان کا رابطہ ہوا ہے۔ فاروق ستار سے بات ہوئی ہے، ہم لوگ جلد اختلاف رائے ختم کرنے کے لئے سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سانحہ کی ذمہ داری وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے تعین کریں کہ اس شہر میں دہشت گردی کس کی ایما پر ہو رہی ہے، پتہ چلایا جائے کہ علی رضا عابدی کو کس نے مارا کیوں مارا اور اس کا فائدہ کس کوپہنچا ہے۔فیصل سبزواری نے کہاکہ کراچی میں لوگوں کے شدید مسائل ہیں جس میں سیکیورٹی اہم مسئلہ ہے، مجھ سمیت اکثر رہنمائوں کو حکومت کی طرف سے کوئی سیکیورٹی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک میں عجیب و غریب نظام ہے کہ کالعدم تنظیموں کو سیکیورٹی دی گئی ہے جبکہ ہمیں فراہم نہیں کی جارہی۔انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل ایک بڑا سانحہ ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، ان کے گھر والوں سے لے کر کارکنان تک سب لوگ شدید صدمے میں ہیں۔اس کے علاوہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے سابق کنونئیر فاروق ستار نے علی رضا عابدی کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔انکا کہنا تھا کہ میری کچھ روز قبل علی رضا عابدی سے بات چیت ہوئی تھی جس پر انہوں نے بتایا تھا کہ ان کو مسلسل نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔6 ہفتوں سے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ہائی پروفائل شخص کی سیکیورٹی کم کیوں کی گئی۔انہوں نے ایم کیو ایم کی قیادت سے بھی گلہ کرتے ہوئے کہا کہ علی رضا عابدی کو پلٹ کر کسی نے نہیں دیکھا اور نہ کبھی اس سے پوچھا۔ایسے واقعات کے بعد کیا مائیں اپنے پیاروں کو سیاست میں بھیجیں گی۔آج انہوں نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لوگ کہتے ہیں کہ آپ لوگ تقسیم ہو گئے ہیں اس لئیے آپ لوگوں کے ساتھ یہ سب ہو رہا ہے۔اس لئیے میں جلد ایسا فورم بناوں گا جس میں سب کو اکٹھا کروں گا اور ساتھ لے کر چلوں گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لیے حکمت عملی بنا رہا ہوں۔پی ایس پی کے کارکن بھی اپنے لوگ ہیں انکی شہادتوں پر بھی دکھ ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ علی رضا عابدی کی قربانی رائیگاں نہیں جائے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے کل پریس کانفرنس کرنے کا بتاتے ہوئے کہا کہ کل اہم ترین اعلانات کروں گا۔