counter easy hit

سیلفی انسان کو جلد ی بوڑھا کرتی ہے

سیلفی لینے کی عادت چہرے پر نوجوانی میں جھریاں پڑنے کا باعث بن سکتی ہے۔ یہ انتباہ گزشتہ دنوں لندن میں ہونے والی ایک کانفرنس میں سامنے آیا جس میں طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ چہرے کو اکثر سمارٹ فون سے خارج ہونے والی روشنی اور الیکٹرو میگنیٹک ریڈی ایشن کی زد میں رکھنا جلد کو نقصان پہنچا تا ہے۔

برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق سیلفی لینے سے بڑھاپے کی جانب سفر تیز ہوتا ہے اور چہرے پر جھریاں ابھر آتی ہیں۔ سیلفی لینے کیلئے ایک شخص جب اپنے فون کو کسی بھی ہاتھ میں تھامتا ہے تو چہرے کی اس سمت کو سب سے زیادہ نقصان ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جو لوگ بہت زیادہ سیلفیاں لینے کے عادی ہیں ان کیلئے یہ امر فکرمندی کا باعث ہونا چاہئیے کیونکہ اسکرین سے خارج ہونے والی نیلی روشنی جلد کو نقصان پہنچاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ عہد میں لوگ بہت زیادہ سیلفیاں لے رہے ہیں اور آپ غور کریں تو ان کے چہروں پر جھریوں کے آثار کو بھی دیکھا جاسکتا ہے ۔

کانفرنس میں بتایا گیا کہ ابھی اس حوالے سے کسی تحقیق میں تو ذکر نہیں کیا گیا مگر ہمارے مشاہدےمیں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جب کوئی شخص سیدھا یا الٹا ہاتھ فون تھامنے کیلئے استعمال کرتا ہے تو جلد کو نقصان پہنچنا شروع ہوجاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا فون سے خارج ہونے والی مقناطیسی لہریں جلد میں موجود منرلز کو نقصان پہنچاتی ہیں اور ڈی این اے کو ہونے والا نقصان جھریوں کا باعث بنتا ہے۔