counter easy hit

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی کھرب پتی شہزادے سے دوستی

جدہ: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور کھرب پتی شہزادے الولید بن طلال کے درمیان دوستی ہوگئی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان کے اقتدار میں آنے کے بعد ان کے حکم پر کرپشن کے الزام میں گرفتار کیے گئے کھرب پتی شہزادے الولید بن طلال اور سعودی ولی عہد کی دوستی ہوگئی ہے، دونوں شخصیات نے ملاقات بھی کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق دونوں شہزادوں نے ملاقات کی اور نجی شعبے کے مستقبل اور وژن 2030 کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہزادہ الولید بن طلال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور نجی شعبے کے مستقبل سمیت کامیاب وژن 2030 پر بات چیت کی، انہوں نے کہا کہ میں وژن 2030 کے سب سے بڑے حامیوں میں سے ایک ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 سے زائد شہزادوں اور درجنوں سابق اور موجودہ وزرا کو گرفتار کرلیا تھا جن میں شہزادہ الولید بن طلال بھی شامل تھے۔

خیال رہے کہ یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ سعودی شہزادے ولید بن طلال کو 6 ارب ڈالرز میں رہائی کی پیش کش کی گئی تھی، اس پیش کش کے بعد جنوری میں سعودی حکام کی جانب سے کرپشن کے الزام میں گرفتار امیر ترین شہزادے ولید بن طلال کو رہا کردیا گیا تھا۔