counter easy hit

سعودی سرمایہ کاری کے آغاز کیلئے جلد سے جلد معاملات طے کیے جائیں

گوادر (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا جلد سے جلد آغاز کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا، ولی عہد محمد بن سلمان نے حکومت پاکستان کو سعودی سرمایہ کاری کیلئے معاملات جلد سے جلد طے کرنے کا پیغام بھجوا دیا، جبکہ سعودی عرب کا 14 رکنی خصوصی وفد بھی پاکستان پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کو خصوصی پیغام بھیجا گیا ہے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے حکومت پاکستان کو پیغام بھیجا ہے کہ سعودی سرمایہ کاری کے آغاز کیلئے جلد سے جلد معاملات طے کیے جائیں۔ اس حوالے سے وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان خاصے متحرک ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے حکومت پاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کیلئے درپیش تمام رکاوٹیں جلد سے جلد ختم کی جائیں۔ جبکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسی سلسلے میں 14 رکنی خصوصی وفد بھی پاکستان بھیجا ہے۔ سعودی عرب کا 14 رکنی خصوصی وفد بدھ کے روز بلوچستان کے شہر گوادر پہنچا۔ سعودی وفد نے گوادر میں آئل ریفائنری کی تعمیر کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا۔سعودی وفد اس حوالے سے اپنی رپورٹ جلد سعودی ولی عہد کو پیش کرے گا۔ جبکہ سعودی ولی عہد معاملات کے حتمی شکل دینے کیلئے جلد پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر بھی آئیں گے۔ امکان ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران مزید کئی بڑے معاشی معاہدے بھی طے پا سکتے ہیں۔ جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستانہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ہو سکتا ہے۔