counter easy hit

سیاسی جماعتیں متحد ہوئیں تو دنیا کی کوئی طاقت ترقی سے نہیں روک سکتی، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

ملتان (یس ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں متحد ہوئیں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستانی قوم کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔

ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ مشکلات سے نکلنے کا یہی راستہ ہے کہ متحد ہوکر تمام سیاسی جماعتیں متفقہ طور پر قومی ایجنڈا دیں تاکہ ہمارا شمار بھی ترقی یافتہ قوموں میں ہو، انفرااسٹرکچر حکومت کا ایجنڈا ہے اور اسی کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جغرافیہ لحاظ سے ملتان اور جنوبی پنجاب اہم ترین علاقہ ہے اور ملتان ایئرپورٹ کواب عالمی درجہ حاصل ہوگیا ہے جہاں سے مینگو فلائٹس بیرون ممالک آم لے کر جائیں گی جب کہ ٹرمینل کو شہری ہوابازی کے لئے مخصوص کیا گیا ہے اور شہریوں کو اب بیرون ملک جانے کے لئے لاہور یا کراچی جانا نہیں پڑے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو ماضی میں وہ توجہ نہیں دی گئی جو اس کا حق تھا جس کا ازالہ کرنے کے لئے حکومت نے ملتان کی تعمیر وترقی کے لئے 29 ارب روپے کے منصوبے شروع کئے جنہیں جلد مکمل کرنے کے لئے مزید ڈیڑھ ارب روپے جاری کئے گئے، شہر میں میگاپروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں صحت اور تعلیم کے شعبے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے جون 2010 میں ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ٹرمینل کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور جس کا تعمیراتی کام 9 ارب روپے کی لاگت سے 5 سال سے بھی کم عرصے میں مکمل کیا گیاہے۔