counter easy hit

سزا سے بچنے کیلیے لوگ ملک سے باہر جاتے ہیں ہم واپس آرہے ہیں، مریم نواز

لندن: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ لوگ سزا سے بچنے کے لیے ملک سے باہر جاتے ہیں لیکن ہم گرفتاری دینے پاکستان آرہے ہیں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم چند روز میں لاہور آرہے ہیں، لوگ سزا سے بچنے کے لیے ملک سے باہر جاتے ہیں لیکن ہم گرفتاری دینے پاکستان آرہے ہیں، نواز شریف نے گرفتاری دینے کے فیصلے سے نئی روایت قائم کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قربانی ہم دیں گے اور اس کا فائدہ آنے والی نسلوں اور قوم کو ہوگا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کی تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، میں اور نوازشریف پاکستان میں جمہوریت کے حامیوں کی نمائندگی کررہے ہیں، ہم جمہوریت دیکھنے والوں کی لڑائی لڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے قدم بڑھا دیا ہے اور قوم ان کے پیچھے ہے، کچھ لوگ کمر درد کا بہانہ بناکر ملک سے بھاگ کر لندن آجاتے ہیں، ایسے بھی لیڈر ہیں جنہوں نے سزا سے بچنے کے لیے پاکستان سے باہر رہنے کو ترجیح دی۔