counter easy hit

پاکستان نے بھارت میں سفارتکاروں کے معاملے پر انٹرنیشنل کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا

اسلام آباد(اصغر علی مبارک) پاکستانی سفارتکاروں کو بھارت میں ہراساں کیے جانے کے معاملے کے بعد پاکستان نے نئی دلی میں ہونے والی ڈبلیو ٹی او کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا۔پاکستانی وفد کو وزیر تجارت کی سربراہی میں بھارت جانا تھا جہاں نئی دلی میں منعقد ہونے والی ڈبلیو ٹی او کانفرنس میں شرکت کرنی تھی لیکن بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں اور ہائی کمیشن عملے کے اہل خانہ کو گزشتہ کئی روز سے ہراساں کیا جارہا ہے جس کے بعد پاکستان نے نئی دلی میں ڈبلیو ٹی او کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق تجارتی وفد کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ بھارتی رویے کے باعث کیا گیا ہے کیوں کہ پاکستان اپنی خودداری کو مقدم رکھتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے نئی دلی میں پاکستانی سفارتی اہل کاروں اور ان کے اہل خانہ کوہراساں کیا جارہا ہے جب کہ پاکستان کے احتجاج کے باوجود بھارتی وزارت خارجہ کی طرف کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔