counter easy hit

سفارت خانہ پاکستان فرانس کی جانب سے پیرس میں پاکستانی آموں کے میلے کا انعقاد

Mango Festival

Mango Festival

سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے اپنی نوعیت کے منفرد آم میلے کے دوران پاکستانی نژاد فرانسیسی سٹار شیف سلویسٹر واحد اور ان کی ٹیم کی جانب سے گذشتہ روز آم سے بنائی گئی جدید اور اعلی نوعیت کے کھانوں اور انکی شاندار پیشکش نے فرانسیسی اور بین الاقوامی مہمانوں کے دل جیت لیئے۔
شیف واحد نے اپنے اعلی تربیت یافتہ رفقاء کے ساتھ عمدہ آموں کے ساتھ بنائی گئی کھانوں کی ڈیشیز جن میں مشروبات، ثقافتی کھانے اور مین ڈشیز شامل تھے کے ساتھ مہمانوں کی تواضع کی جن میں فرانسیسی سیاست دان، غیرملکی سفارت کاروں، میگا سٹورز کے مالکان، فرانسیسی مہمان، فرانسیسی اور پاکستانی صحافیوں کی کثیر تعداد شامل تھی۔ پاکستانی آم میلے کے لئے تازہ اور اعلی نسل کے آم خصوصی طور پر پاکستان سے منگوائے گئے تھے۔
اس موقع پر سفیر پاکستان معین الحق نے مہمانوں سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آموں کی 200 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جو اپنی مٹھاس، ذائقہ اور خوشبو کی وجہ سے دنیا میں جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسی وجہ سے پاکستانی آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔ پاکستانی آموں کو دنیا کے مختلف ممالک میں برآمد بھی کیا جاتا ہے۔ پاکستانی آم فرانس میں ابھی نسبتاً کم جانے جاتے ہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان کا اس فیسٹیول کے علاوہ دوسری تقریبات کے انعقاد کا مقصد فرانسیسی عوام میں پاکستانی آموں کو متعارف کروانا ہے۔
شیف سلویسٹر واحد جو کہ بنیادی طور پر پاکستان کے شہر کوہاٹ سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے موقع پر ہی آموں سے بننے والی ڈیشز تیار کیں اور ان کی ترکیب کو آئے ہوئے مہمانوں میں متعارف بھی کروایا۔
اس آم کے میلے کو سفارت خانہ پاکستان فرانس اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے باہم منعقد کیا تھا۔