counter easy hit

پاکستان اور افغانستان کا باہمی تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان نے باہمی تجارت میں کمی آنے کے بعد حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرلیا۔

Pakistan and Afghanistan decide to overcome obstacles in mutual tradeافغانستان کی صنعت و تجارت کی نائب وزیر کاملہ صدیقی کی قیادت میں افغان وفد نے پاکستان کے سیکرٹری برائے تجارت یونس ڈھاگہ اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔ پاکستان اور افغانستان کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں باہمی تجارت کے حوالے سے گفت و شنید ہوئی اور مشترکہ تجاویز کے اعلامیے پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان کے وزارتِ تجارت کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق افغان وفد نے پاکستانی حکام سے پاکستان کو برآمد ہونے والے افغان پھل اور سبزیوں اور دیگر اشیاء پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کے معاملے پر بھی بات کی جس پر پاکستانی حکام نے افغان وفد کو بتایا کہ وہ اس معاملے کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اسی طرح پاکستانی حکام نے افغانستان سے کپاس برآمد کرنے کے لیے بھی سہولتیں فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے متن کے مطابق دونوں ممالک نے دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کی راہ میں حائل مشکلات اور رکاوٹوں کو دور کرنے اور تاجروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے باہمی رابطوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ملاقاتوں کی ضرورت پر زور دیا۔ واضح رہے کہ حالیہ برسوں کے دوران پاک افغان باہمی تجارت کا سالانہ حجم دو ارب 70 کروڑ ڈالر سے گھٹ  کر تقریباً ایک ارب 60 کروڑ ڈالر رہ گیا ہے جس کی بنیادی وجہ امن و امان میں خرابی اور سرحدوں کی عارضی بندش رہی ہے۔