counter easy hit

نواز شریف اور مریم نواز ووٹ بھی نہیں دے سکیں گے

ملتان: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر جیل میں ہونے کے باعث اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکیں گے۔

میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر اپنی پارٹی کے امیدواروں کو جیل میں ہونے کے باعث ووٹ نہیں دے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن نے قیدیوں کے حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے بیلٹ پیپرز منگوانے کے لیے پہلے 5 جولائی اور بعد میں 10 جولائی کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ نواز شریف، مریم نواز اورکیپٹن (ر) صفدر جاری کی جانے والی ڈیڈ لائن کے بعد جیل میں آئے ہیں لہٰذا وہ تینوں اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکیں گے۔

تاہم جیل قانون کے مطابق  اگر وہ چاہیں تو ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دے کر 25 جولائی سے قبل اپنے بیلٹ پیپرز منگواسکتے ہیں۔

قیدیوں کوجاری ہونے والے بیلٹ پیپرزمیں صرف امیدوار کا نام لکھا ہوتا ہے جب کہ حلقہ نمبرالیکشن کمیشن کی جانب سے بھجوائے جانے والے لفافے پر درج ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزایافتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دس، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سات اور داماد کیپٹن صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ نواز شریف کےدونوں بیٹوں کو اشتہاری قرار دیا گیاہے۔