counter easy hit

نیب قوانین میں ترامیم کے لیے تیار ہیں، کسی کو این آر او نہیں ملے گا : علی محمد خان

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر علی محمد خان کا کہنا ہے کہ نیب وزیر اعظم عمران خان سے سوال کرسکتا ہے کیونکہ قانون سب کے لیے برابر ہے ، کسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا ، نیب میں قوانین کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی محمد خان کا کہنا تھا کہ حضورﷺ نے فرمایا ہے کہ ’’تم سے پہلے بہت سی قومیں اس لئے تباہ ہوگئیں کہ طاقتو ر کے لئے اور قانون اور کمزور کیلئے اور قانون ہوتا تھا‘‘، جو قانون ایک ڈرائیور پر لاگو ہوتا ہے وہی وزیر اعظم عمران خان پر بھی لاگو ہوتا ہے ، اگر حضرت عمر سے سوال پوچھا جا سکتا ہے کہ کہ تیسری چادر کیوں لی تو پھر وزیر اعظم اور کابینہ کے ہر فرد سے ہو سکتا ہے،میں فواد چوہدری کا ترجمان نہیں بلکہ تحریک انصاف کا ایک نمائندہ ہوں، فواد چوہدری اپنے بیان کی وضاحت خود کر سکتے ہیں۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زندگی کھلی کتاب ہے ، ان سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ ان کی جانب سے نوجوانوں کو امید دلائی گئی، عمران خان سے ایک نیب نہیں پچاس نیب کے ادارے ان سے آکر سوال کریں، قانون سب کیلئے برابر ، نیب وزیر اعظم عمران خان سے سوال کرسکتا ہے۔ نیب قوانین میں ترمیم کیلئے تیار ہیں لیکن کسی کواین آر او نہیں دیا جائیگا۔