counter easy hit

کراچی شپ یارڈ نے 600 ٹن میری ٹائم پٹرول ویسل تیار کرلیا

کراچی شپ یارڈ نے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کیلئے تعمیر کئے جانے والے 600 ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل بنانے کے بعد منگل کوسمندر میں اتار دیا۔

Karachi Ship Yard prepared 600 tons of mine MPVاس سلسلے میں کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پیٹرول ویسل ایم ایس اے کی کارکردگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا، یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ کثیرالمقاصد جہاز اسٹیل ہل اور المونیم سُپر اسٹرکچر کا حامل ہے۔ اس کی لمبائی 68اعشاریہ 5میٹر اور چوڑائی 8اعشاریہ 7میٹر ہے اور یہ زیادہ سے زیادہ 27ناٹ کی رفتار حاصل کرسکتا ہے۔ یہ جہاز پاکستان کی تجارتی بحری حدود میں تحفظ،تلاش اور اِمدادی امور انجام دینے کیلئے پوری طرح سے آراستہ ہے۔

یہ 600 ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل چائنا شپ بلڈنگ اینڈ ٹریڈنگ کارپوریشن (سی ایس ٹی سی) کے تکنیکی تعاون سے بنایا گیا ہے ، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کراچی شپ یارڈ ، سی ایس ٹی سی اور پی ایم ایس اے کو یہ اہم سنگ میل عبور کر نے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور چین کی سدا بہار دوستی کا ایک اور تاریخی منصوبہ ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے آغاز اور خصوصی اقتصادی زون میں توسیع سے پاک بحریہ بالخصوص پی ایم ایس اے کی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے، اُنہو ں نے سی پیک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کو خطہ کا تجارتی مرکز بنا دے گا۔ ایڈمرل عباسی نے کہا کہ اگر ہم چین کے بیرونی تجارتی حجم کے صرف 10 فیصد حصے سے بھی فائدہ اٹھا سکیں تو یہ ہماری بندرگاہ کے راستے ہونے والی تجارت کے موجودہ حجم کا تقریباً 5 گنا ہو جائے گا۔

قبل ازیں شپ یارڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ 600 ٹن میری ٹائم پٹرول ویسل کی تعمیر وزارت برائے دفاعی پیداوار اور سی ایس ٹی سی (چائنا) کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کا حصہ ہے جس کے تحت پی ایم ایس اے کے لیے 6 عدد ایم پی ویز تعمیر کیے جائیں گے۔ تقریب میں اعلی حکومتی عہدیداران،پاک بحریہ کے افسران چائنا شپ بلڈنگ اینڈ ٹریڈنگ کارپوریشن او رکراچی شپ یارڈ کے اعلیٰ عہدیِداران نے بھی شرکت کی۔