counter easy hit

بھارت کا اقوام متحدہ میں پاکستان پر بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کابے بنیاد الزام

جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر قابض فوج کے مظالم ،درندگی اور بربریت چھپانے کے لئے اقوام متحدہ میں پہلی مرتبہ بلوچستان کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے پاکستان پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے کا سنگین اور بے بنیاد الزام عائد کیا ہے ،جبکہ آزاد کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بھی بھونڈا الزام لگایا ہے ۔

بھارتی نجی چینل ’’زی نیوز ‘‘ کے مطابق ا قوام متحدہ ہیومن رائٹس کے 33 ویں سیشن کے دوران بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد اور من گھڑت الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ پاکستان سے سپانسر دہشت گردی ہے جو اس کے عزائم سے ظاہر ہو تی ہے اور یہ بات بار بار ہونے والے حملوں سے بھی ثابت ہوتی ہے ۔اقوام متحدہ میں بھارت کے سفیر اور مستقل نمائندے اجیت کمار نے کہا کہ پاکستان کا پچھلا مایوس کن ریکارڈ دنیا پر ظاہر ہے اور کئی ممالک نے بار بار پاکستان سے کہا ہے کہ وہ سرحد پار سے ہونے والے دراندازی کو روکے، دہشت گردی کے ڈھانچے کو تباہ کرے اور دہشت گردی کے سینٹر کے طور پر کام کرنا بند کرے۔اجیت کمار نے کہا کہ ایک پرامن اور جمہوری معاشرے کے طور پر ہندوستان کی ساکھ سب اچھی طرح سے جانتے ہیں جو لوگوں کے بھلے کے لئے مسلسل کام کر رہی ہے، جبکہ پاکستان کی شناخت آمریت، غیر جمہوری اور بلوچستان کے ساتھ اپنے ہی ملک میں وسیع انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ملک کی ہے۔

بھارتی سفیر نے پاکستان پر سنگین ،بے بنیاد اور بھونڈا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس نے بلوچستان اور پاکستان کے کشمیر میں اپنے شہریوں کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں  کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گڑبڑ کی بنیادی وجہ پاکستان سپانسر ڈ  دہشت گردی ہے جس نے 1989 سے علیحدگی پسند گروپوں اور دہشت گرد عناصر کی بھر پور حمایت کی ہے، ان دہشت گردوں میں وہ بھی شامل ہیں جو پاکستان کے کنٹرول والے علاقے سے آپریٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ایک بار پھر اپنے عزائم کو ڈھکنے اور انسانی حقوق کے لئے تشویش کے نام پر دہشت گردی کا استعمال قومی پالیسی کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔اجیت کمار نے ایک مرتبہ پھر ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی فورم پر کہاکہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا، اور ہم پاکستان کی طرف سے ہندوستان کو نیچا دکھانے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے اجیت کمار کا مسلسل دروغ گوئی سے کام لیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اوروں کو تحمل برتنے کی صلاح دیتا ہے لیکن اپنے ہی لوگوں کے خلاف ایئر فورس کا استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا،اقوام متحدہ نے جنہیں دہشت گرد قرار دیا ہے پاکستان ان کو بھی مسلسل پناہ دیتا آیا  اور اب بھی  دے رہا ہے، اس لئے اس میں کوئی تعجب نہیں کہ پاکستان گزشتہ سال ہیومن رائٹس کمیشن کی رکنیت حاصل کرنے کے لئے بین الاقوامی برادری کو قائل کرنے میں ناکام رہا، پاکستان، بھارتی ریاست جموں کشمیر سے جڑے اندرونی معاملات کے بارے میں دوہری باتیں کرنے کے لئے کمیشن کا مسلسل غلط استعمال کرتا ہے اسے بھارت مسترد کرتا ہے۔

 

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website