counter easy hit

ہاکی آج بھی پاکستان کا مقبول ترین کھیل ، حکومت ورلڈ کپ کیلئے فوری فنڈ مہیا کرے

راولپنڈی(اصغر علی مبارک، ایس ایم حسنین) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری مایہ ناز فارورڈ سابق اولمپیئن شہباز سینئر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کھیلوں کی فروغ وترقی کیلیے کوشا ں ہے اور اس کے مثبت نتائج بہت جلد ملیں گے ۔ حکومت ورلڈ کپ ہاکی کیلئے ہاکی ٹیم کو فوری فنڈز مہیا کرے تاکہ بھارت میں اس سال ہونےو الے عالمی کپ مقابلوں میں پاکستانی ٹیم اپنا کھویا ہوا اعزاز ایک مرتبہ پھر حاصل کرسکے۔ ایک خصوصی انٹرویو میں پاکستان ہاکی ٹیم کے لیجنڈ شہباز سینئر نے کہا ہے کہ ہاکی آج بھی پاکستان میں مقبول ترین  عوامی کھیل ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کھلاڑیوں کو مالی معاونت اور سپورٹ مہیا کرے۔ پاکستان کا ہاکی کھلاڑی آج بھی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی طرح فزیکل فٹ ہے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجودہ صدر بریگیڈیئر سجاد کھوکھر کی ہدایات کی روشنی میں کھلاڑیوں کو مزید بہتر تربیت دینے کیلئے بین الاقوامی کوچز کے زریعے تربیت مہیا کی جارہی ہے جس کے مثبت نتائج حالیہ چیمپئنز ٹرافی میں دیکھنے کو ملے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ مشترکہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کا چیمپئن بنا ہے جو ہمارے کھلاڑیوں کی اعلیٰ کارکردگی اور بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب ہم عوام کی دعائوں سے ہاکی کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے اور پاکستانی ٹیم ایک مرتبہ پھر عالمی اعزازات حاصل کرنے کی اہل ہوجائیگی۔

govt,should,provide,funds,to,pakistan, hockey, federation,on,urgent,basis,says,shehbaz,senior,secretary,phf,report,asghar-ali-mubarak

انہوں نے کہا کہ میں اور عمران خان اس وقت پاکستانی کھیلوں کا حصہ تھے جب پاکستان چار کھیلوں کا عالمی چیمپئن تھا اس دور میں پاکستان ہاکی ، کرکٹ ، سکوائش اور سنوکر کا عالمی چیمپئن تھا اور عمران خان کا پسندیدہ کھلاڑی ہونے پر مجھے فخر ہے اور جب بھی میری عمران خان سے بطور کھلاڑی میری ملاقات ہوئی وہ ہمیشہ کھیل کی ترقی کی بات کرتے تھے اور آج الحمدللہ انھیں اللہ نے سب سے بڑا عہدہ عطا کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ عمران خان کھیلوں سے وابستگی رکھتے ہوئے ہاکی کے کھیل پر توجہ دیں گے اور میری ذاتی التجا ہے کہ وہ ہاکی فیڈریشن کے فنڈز مہیا کرنے کیلئے اقدامات کریں تاکہ کھلاڑیوں کیلئے کیمپ لگائے جاسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کو دیکھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں ایک مرتبہ پھر سپورٹس کلچر فروغ پاجائے گا۔ اس کیلئے قوم کو چایے کہ وہ کسی نہ کسی کھیل میں اپنے آپ کو ضرورشامل رکھیں تاکہ ایک صحت مند قوم کی حیثیت سے ہم اقوام عالم میں اپنی پہچان بنا سکیں

میں آج بھی ہاکی کے ساتھ سکواش ، تیراکی اور دیگر کھیلوں میں حصہ لیتا رہتا ہوں تاکہ میں اپنے آپ کو فٹ رہ سکوں کیونکہ آج کے دور میں کامیاب کھلاڑی وہ ہے جو اپنے فزیکل فٹنس اور سٹیمنا ، سپیڈ کے ساتھ مخالف کو مات دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔