counter easy hit

’’ون مین اسپن آرمی‘‘ سے انگلینڈ فتح کرنے کا خواب

لاہور:  ’’ون مین اسپن آرمی‘‘ سے انگلینڈ فتح کرنے کا خواب دیکھ لیا گیا،سیریز میں پاکستانی اسپن ڈپارٹمنٹ شاداب خان کے گرد گھومتا نظر آئے گا،منتخب 16رکنی اسکواڈ میں4اوپنرز سمیت 8بیٹسمین شامل ہیں،اکلوتے ناتجربہ کار اسپنر کے ناتواں کندھوں کو سارا بوجھ اٹھانا ہوگا، سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ انگلش کنڈیشنز خاصی مشکل ثابت ہوں گی۔

Dream of conquer England from "one man spin army"گذشتہ فتوحات کے اہم کردار یاسر شاہ کی غیر موجودگی میں شاداب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگئی، سینئرز حوصلہ افزائی کریں۔ دریں اثنا ٹور کی تیاری کیلیے کیمپ جمعرات سے شروع ہوگا، کھلاڑی بدھ کو این سی اے میں رپورٹ کریںگے، انگلش کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے پریکٹس کیلیے مختص خصوصی پچز پرتھوڑی گھاس چھوڑدی گئی، باؤنس بھی زیادہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق دورئہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کی تیاری کیلئے ابتدائی طور پر24ممکنہ کرکٹرز کا تربیتی کیمپ لاہور میں لگایاگیا تھا، انگلینڈ میں سمرسٹ کاؤنٹی کی نمائندگی کرنے والے محمد عباس کو وطن واپس نہیں بلایا گیا،حتمی 16رکنی اسکواڈ میںکپتان سرفراز احمد، اظہر علی، سمیع اسلم ،فخرزمان، امام الحق، اسد شفیق، حارث سہیل، بابر اعظم ، عثمان صلاح الدین،سعد علی، شاداب خان ،فہیم اشرف، محمدعامر، حسن علی، راحت علی اور محمدعباس کو جگہ ملی۔

ٹیم میں8بیٹسمین،2آل راؤنڈرز،4پیسرز اور صرف ایک اسپنر شامل ہے، چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق سمیت 4اوپنرز جبکہ صرف ایک اسپیشلسٹ لیگ اسپنر کو منتخب کیے جانے سمیت کئی فیصلوں پر تنقید کی جا رہی ہے، گذشتہ دونوں وسیم اکرم نے بھی شاداب خان کے ساتھ دوسرے اسپنر کو منتخب نہ کیے جانے پر سوال اٹھایا تھا،اس حوالے سے سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے کہاکہ نوجوان کرکٹرز کو موقع دینا اچھی بات ہے لیکن انگلش کنڈیشنز خاصی مشکل ثابت ہوںگی، گذشتہ2 سال میں پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے یاسر شاہ نے انگلینڈ میں بھی میزبان ٹیم کیلیے پریشانیاں پیدا کی تھیں، آئرش اور انگلش بیٹسمین لیگ اسپنر کو اچھا نہیں کھیلتے،اب شاداب خان کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ہوگی،سینئرز کو نوجوان لیگ اسپنرکی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔

یاد رہے کہ شاداب خان نے اپنے کیریئر کا واحد ٹیسٹ ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلا جس میں کارکردگی متاثر کن نہیں رہی تھی،بعض سابق کرکٹرزکا تو کہنا ہے کہ ٹیسٹ ڈیبیو کے منتظر 5کھلاڑیوں کی موجودگی میں آئرلینڈ جیسی نوآموز ٹیم بھی ہوم کنڈیشنز میں پاکستان کو ناکوں چنے چبواسکتی ہے، یادر ہے کہ آئرش ٹیم اپنی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ 11سے 15مئی تک پاکستانی ٹیم کیخلاف کھیلے گی، انگلینڈکے خلاف 2ٹیسٹ پر مشتمل سیریز24 مئی کو لارڈز میں شروع ہوگی، طویل فارمیٹ کے دوسرے میچ کا آغاز یکم جون سے لیڈز میں ہوگا، ٹور کی تیاری اور کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے قبل از وقت انگلینڈ پہنچنے والے پاکستانی کرکٹرز 28اپریل سے چار روزہ میچ میں کینٹربری میں کینٹ کے مقابل ہونگے۔

بعد ازاں میزبان نارتھمپٹن شائر کیخلاف 4سے 7مئی تک 3روزہ میچ بھی شیڈول کیا گیا ہے، اسکواڈ میں شامل 15کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جمعرات سے لاہور میں شروع ہورہا ہے، محمد عباس انگلینڈ میں دیگر کرکٹرز کو جوائن کرلیںگے،لاہور کے علاوہ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے پلیئرز بدھ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریںگے، جمعرات سے مسلسل 3روز تک بھرپور سیشنز ہوںگے،22اپریل کو اگر پلیئرز چاہیں تو ہلکی پھلکی ٹریننگ کرینگے، اگلے روز اسکواڈ انگلینڈ روانہ ہوجائے گا۔ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کیمپ کیلیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی ہدایت پر میدان کے ایک طرف خصوصی طور پر تیار کردہ پچز پرتھوڑی گھاس چھوڑی گئی ہے،باؤنس بھی زیادہ ہوگا،اس کا مقصد کرکٹرز کو انگلش کنڈیشنز کے قریب ترین ماحول فراہم کرنا ہے۔