counter easy hit

قطری شہزادوں کو شکار کی اجازت دینے پر پنجاب حکومت سے جواب طلب

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے قطری شہزادوں کو پرندوں کے شکارکی اجازت دینے کے خلاف دائر درخواست پر وفاق اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔

Ask from the Punjab government to allow the hunting to the Qatari princeقطر اور متحدہ عرب امارات کے شہزادوں کو پرندوں کے شکار کی اجازت دینے کے خلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔ درخواست میں وفاق، سیکرٹری خارجہ اوروزیراعلیٰ پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزارکا سماعت کے دوران موقف تھا کہ پنجاب حکومت نے قطر اور یو اے ای کے شہزادوں کو پرندوں کے شکار کی اجازت دی، شکار کے لیے امیر قطر شیخ حماد کو ضلع بہاولنگر جب کہ شیخ حماد بن جاسم کو بھکر، جھنگ اور لیہ کا علاقہ الاٹ کیا گیا، یہ وہی شہزادے ہیں جن کا پاناما کیس میں مسلسل ذکر ہوا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، محکمہ داخلہ پنجاب نے پرندوں اور جانوروں کی حفاظت ایکٹ 1912 کی خلاف ورزی کی۔ درخواست گزار کی جانب سے اپیل کی گئی کہ عدالت ان دو ملکوں سے ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات اور شہزادوں کی سیکیورٹی کے لیے اخراجات کی تفصیل طلب کرے، اس کے علاوہ عدالت عالیہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کو غیر آئینی قرار دے۔ عدالت عالیہ نے فریقین سے 10 روز میں جواب طلب کرلیا۔