counter easy hit

امریکی یونیورسٹی میں طلبا کے لیے رونے کی جگہ مخصوص

سالٹ لیک: امریکا کی یونیورسٹی آف یوٹاہ میں ایک چھوٹا سا کمرہ بنایا گیا ہے جہاں تعلیمی تناؤ اور مسائل سے پریشان طلبہ و طالبات کچھ دیر رو کر اپنا دل ہلکا کرسکتے ہیں۔

A special place for students crying at the American Universityاس جگہ کی بدولت اب طلبا و طالبات کو اپنے آنسو کسی کے سامنے دکھانے کی ضرورت نہیں بلکہ وہ سب سے چھپ کر تنہائی میں رو کر اپنے دل کی بھڑاس نکال سکتے ہیں۔ امریکی جامعات میں سخت محنت، امتحانات کے علاوہ ایک اور بلا کا سامنا ہوتا ہے جسے طالب علم کا قرض کہتے ہیں۔ بسا اوقات یہ تمام مشکلات مل کر کسی طالب علم کے لیے بہت کٹھن صورتحال پیدا کرتی ہیں جن میں ذہنی تناؤ، ڈپریشن اور خودکشی تک کے خیالات مل کر اسے مزید گھمبیر بنادیتے ہیں۔

یونیورسٹی آف یوٹاہ کی لائبریری کے ایک کم مصروف گوشے میں یہ آنسو کدہ بنایا گیا ہے۔ اس چھوٹے سے کمرے کو ایک فنکا رنیمومِلر نے ڈیزائن کیا ہے جس کے اندر سیاہ رنگ کیا گیا ہے۔ اس کے اندر نرم و ملائم کھلونے (اسٹفڈ ٹوائز) رکھے گئے ہیں جن سے گلے مل کر آپ آنسو بہاسکتے ہیں۔ ایک طالب علم 10 منٹ تک پرسکون ماحول میں رونا دھونا کرسکتا ہے۔

اس میں رونے کے کچھ اصول ہیں کہ 10 منٹ بعد آپ کو یہاں کی روشنی بند کرنے باہر آنا ہوگا۔ اس کے علاوہ اگر اندر کوئی ہے تو اس کے لیے ایک بار دستک دینے کی اجازت ہے اور یہ سادہ اصول رونے کی جگہ کے دروازے پر لکھے گئے ہیں۔ اس سہولت کو بعض طالب علموں نے استعمال کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ دیگر اداروں اور کالجوں میں بھی رونے کی کوئی جگہ مخصوص ہونی چاہیے۔