counter easy hit

رات گئے تک جاگنے کے 7 طبی فوائد

انسان سونے کے لیے اپنی مرضی کا وقت کا انتخاب کرسکتے ہیں اور وہ رات گئے تک جاگنے یا جلد سو کر علی الصبح اٹھ سکتے ہیں۔

جلد اٹھنے والے صبح جلدی اٹھتے ہیں جبکہ رات گئے تک جاگنے والے علی الصبح تک خوشی سے جاگتے ہیں۔

اب علی الصبح جاگنے کے اپنے فوائد ہیں مگر یہاں رات گئے تک جاگنے والوں کا ذکر کریں گے جن کے بارے میں طبی سائنس نے متعدد فوائد گنوائے ہیں۔

تو یہاں جانیں کہ طبی سائنس ایسے افراد کے بارے میں کیا کہتی ہے۔

ایسے لوگ ذہین ہوسکتے ہیں

لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس کی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ قدرتی طور پر تمام جانداروں کے اندر ایک گھڑی یا ردھم پایا جاتا ہے جو اعصابی خلیات کو ریگولیٹ کرتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ رات کو زیادہ فعال یا الو کی طرح جاگنے والے علی الصبح اٹھنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ذہانت کے حامل ہوسکتے ہیں۔ تحقیق میں امریکی نوجوانوں کے جائزے سے یہ بات معلوم ہوئی کہ زیادہ ذہین افراد عام طور پر رات گئے تک جاگنے کے عادی ہوتے ہیں، یا یوں کہہ لیں کہ دیر سے سونا اور جاگنا انہیں پسند ہوتا ہے۔ محققین کے مطابق اوسط ذہانت اور نیند کے سونے کے رجحان کے درمیان تعلق پایا جاتا ہے۔

ان میں زیادہ جسمانی توانائی ہوسکتی ہے

سننے میں تو بالکل عجیب لگے مگر جو لوگ زیادہ دیر تک جاگتے ہیں وہ جسمانی طور پر زیادہ توانائی کے مالک ہوسکتے ہیں، حیران کن طور پر جرمنی کی Aachen یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جب آپ سونے کے لیے دیر سے بستر پر جاتے ہیں تو اٹھنے پر خود کو زیادہ توانائی سے بھرپور پاتے ہیں اور آپ کے لیے نیند کے چکر کو مکمل کرنے کے لیے وقت زیادہ ہوتا ہے۔

زیادہ وقت کا حصول

اگر آپ دیر سے اٹھتے ہیں تو آپ کو ایسا احساس ہوتا ہے کہ آپ کے پاس کاموں کے لیے زیادہ وقت ہے، کم از کم ایک تحقیق میں تو یہی کہا گیا ہے، تحقیق کے مطابق ایسے افراد اپنے کاموں کو مکمل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں کیونکہ وہ رات گئے تک اس پر لگے رہتے ہیں۔

نیند کا لچکدار شیڈول

نیند کا لچکدار شیڈول کئی بار کافی مددگار ثابت ہوتا ہے، رات گئے تک جاگنے والوں کے لیے کسی بھی وقت نیند کا حصول ایک مقررہ وقت پر سونے کے عادی افراد کے مقابلے میں آسان ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ہر جگہ مطابقت پیدا کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

تخلیقی سوچ کی علامت

جیسے رات گئے تک جاگنا ذہانت سے جڑا قرار دیا جاتا ہے، اسی طرح یہ تخلیقی صلاحیت کا ثبوت بھی ہوسکتا ہے، عام طور پر آرٹسٹ اور فنکار اپنے بہترین کام کو رات گئے کرنے کے عادی ہوتے ہیں، ایک تحقیق کے مطابق ایسے افراد کو تخلیقی اضطراب کی وجہ سے جلد نیند ہی نہیں آتی۔

جاگنا آسان

درحقیقت نیند کے سائیکل میں لچکداری کی وجہ سے رات گئے تک جاگنے والوں کے لیے دن میں جلد اٹھنا بھی آسان ہوتا ہے۔

دھیما مزاج

ایک تحقیق کے مطابق رات گئے تک جاگنے والے افراد میں ذہنی تناﺅ کا باعث بننے والے ہارمون کورٹیسول کی شرح صبح جلد اٹھنے والوں کے مقابلے یں کم ہوتی ہے، آسان الفاظ میں بستر پر دیر سے جانا دھیمے مزاج کی شخصیت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

یہ واضح رہے کہ یہ ہماری نہیں طبی سائنس کی رائے ہے، اس سے اختلاف یا اتفاق کرنے پر آپ ہمیں نیچے کمنٹس کے ذریعے آگاہ کرسکتے ہیں۔