counter easy hit

امریکا میں انوکھی قوس قزح کا نظارہ، لوگ حیران رہ گئے

کیلیفورنیا:امریکی ریاست کیلی فورنیا میں منفرد قسم کی آتشی قوس قزح ’فائر ریمبو‘ نے آسمان پر خوبصورت رنگ بکھیر دیئے جسے دیکھ کر لوگوں کو خوش گوار حیرت کا سامنا ہوا۔

People were surprised to see the unique strength of Americaبین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلی فورنیا میں واقع نیشنل پارک میں اس وقت منظر رنگین اور خوبصورت ہوگیا جب آسمان پر قوس قزح کے رنگ مدھم شعلوں کی طرح بکھر گئے ۔ نیلگوں آسمان پر دھنک کے سارے رنگ خوبصورت مصوری کا شاہکار محسوس ہورہے تھے ۔

شہریوں نے ان دلفریب مناظر کو دیکھنے کے لیے قومی پارک کا رخ کیا۔ ایک فوٹوگرافر نے ان مناظر کو فلم بند کر کے پوری دنیا کو اس خوبصورت نظارے سے محظوظ کرنے کا بندوبست کردیا۔ آتشی قوس قزح اُس وقت نمودار ہوتی ہے جب سورج افق سے 58 ڈگری اوپر کی جانب ہو اور سورج سے نکلنے والی شعاعیں بادلوں میں برف کے کرسٹلز سے چھنتی ہوئی زمین تک پہنچ رہی ہوں۔

ایسے دلکش مناظر شاذو نادر ہی دستیاب ہوتے ہیں۔ اسے آتشی قوس قزح کہنے کی وجہ یہ ہے کہ اسے دیکھ کر سب سے پہلے آگ کے دھیمے شعلوں کا گماں ہوتا ہے بالکل ایسا کہ جیسے ہلکی آگ جل رہی ہو اور ہوا چل پڑے تو آگ کے بکھرتے شعلوں میں تمام رنگ نمایاں ہوجاتے ہیں۔